کیا صاحب نصاب کے ہر ہر مال پر سال گزرنا ضروری ہے

شیر کریں اور علم دین کو عام کریں

مسئلہ نمبر 116

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جناب عزیزم سلمہ مولانا امیر الدین صاحب ایک مسئلہ کی تفصیل درکار ہے کہ کیا صاحب نصاب کے ہر ہر مال پر سال گزرنا شرط ہے ایک صاحب کے پاس سال گزشتہ میں پچاس ہزار روپیہ تھا اور اس سال ابھی ایک لاکھ روپیہ ہے ابھی مذکورہ شخص کتنے مال کی زکوۃ ادا کرے گا،مدلل ومفصل جواب دینگے تو ہم آپ کے ممنون و مشکور رہینگے۔(مفتی محمد شاہ جہاں نوگاؤں آسام الہند)

وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب وبہ التوفیق
حامداً ومصلیا اما بعد:
صاحب نصاب کے ہر ہر مال پر سال گزرنا شرط نہیں ہے بلکہ جس دن کسی شخص کے پاس اپنی ضرورت سے زائد ساڑھے باون تولہ چاندی (۶۱۲ گرام ۳۶۰ملی گرام) یا ساڑھے سات تولہ سونا(۸۷گرام ۴۸۰ملی گرام) یا ان دونوں میں سے کسی ایک کی قیمت موجود ہو چاہے وہ مال تجارت کی شکل میں ہی کیوں نہ ہو اس دن سے وہ صاحب نصاب کہلائے گا، اس پر اگر سال گزر جائے تو اس پر زکوٰۃ واجب ہوگي، لہٰذا صورت مسئولہ میں شخص مذکور پر کل ایک لاکھ روپیہ کی زکوۃ ادا کرنا واجب ہے۔واضح رہے کہ درمیان سال میں نصاب کا گھٹ جانا یا بڑھ جانا اس سے نصاب کے اندر فرق نہیں پڑتا ہے۔

عبارت ملاحظہ فرمائیں
لا خلاف في أن أصل النصاب وهو النصاب الموجود في اول الحول يشترط له الحول؛ لقول النبي صلى اللہ عليه وسلم’’لا زكاة في مال حتى يحول عليه الحول‘‘ ؛ ولأن كون المال ناميا شرط وجوب الزكاة لما ذكرنا، والنماء لا يحصل إلا بالاستنماء، ولا بد لذلك من مدة، وأقل مدة يستنمى المال فيها بالتجارة والإمامة عادة الحول. (بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع ٣٩٧/٢،کتاب الزکاۃ، فصل الشرائط التي ترجع إلى المال، ط:دار الکتب العلمية)

ومن كان له نصاب فاستفاد في أثناء الحول مالا من جنسه ضمه إلى ماله وزكاه المستفاد من نمائه أولا وبأي وجه استفاد ضمه سواء كان بميراث أو هبة أو غير ذلك، ولو كان من غير جنسه من كل وجه كالغنم مع الإبل فإنه لا يضم هكذا في الجوهرة النيرة..(الفتاوی الھندیة،۱۹۳/۱ کتاب الزکاۃ، الباب الأول في تفسيرها وصفتها وشرائطها،دار الکتب العلمیة)(فتاویٰ حقانیہ۴۸۶/۳)(فتاویٰ محمودیہ ۳۱۵/۹،باب وجوب الزکاۃ،جامعہ فاروقیہ کراچی)

واللہ اعلم بالصواب
محمد امیر الدین حنفی دیوبندی
احمد نگر ہوجائی آسام
منتظم المسائل الشرعیۃ الحنفیۃ الہند
۱۶،رمضان المبارک ۱۴۴۳ھ م ١۸جنوری ۲۰۲۲ء بروز پیر

تائید کنندگان
مفتی محمد سہیل رشیدی ایم پی غفرلہ
مفتی شہاب الدین القاسمی غفرلہ
مفتی محمد زبیر بجنوری غفرلہ

Print Friendly, PDF & Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے